مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کا خاتمہ صرف آئینی تبدیلی نہیں بلکہ ایک گہری سیاسی سازش ہے،سردار امتیاز احمد عباسی

پیر 4 اگست 2025 17:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز احمد عباسی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے آئین کی دفعہ 370 اور آرٹیکل 35 اے کا خاتمہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ تاریخی ناانصافی، آئینی بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے۔ بھارت نے اس اقدام کے ذریعے کشمیری عوام کو ان کی پہچان، مستقل شہریت، زمین و ملازمت کے حقوق اور قانونی تحفظ سے محروم کر کے کشمیریوں کی شناخت مٹانے کی سازش کی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف آئینی تبدیلی نہیں بلکہ ایک گہری سیاسی سازش ہے، جس کا مقصد ریاست جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو غیر کشمیری آبادکاری کے ذریعے تبدیل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

یہ اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت پر حملہ ہے۔سردار امتیاز احمد عباسی نے کہا کہ کشمیر صرف کشمیریوں کا ہے اور یہاں کا بچہ بچہ اپنی شناخت، اپنی سرزمین اور اپنے مستقبل کے تحفظ کے لیے ہر میدان میں مزاحمت کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے عدالتی فیصلوں اور صدارتی آرڈیننسز کے ذریعے جو مرضی کر لے، کشمیری عوام ان اقدامات کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے اور ان کا پرامن مگر پرعزم ردعمل ہمیشہ تاریخ کا حصہ رہے گا۔چیئرمین ضلع کونسل نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے اس غیر قانونی اقدام کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے میں عملی کردار ادا کرے۔