گلگت بلتستان اسمبلی کا ایچ ای سی سے جی بی طلبہ کے انڈرگریجویٹ اسکالرشپ بحال کرنے کا مطالبہ

پیر 4 اگست 2025 19:04

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) گلگت بلتستان اسمبلی نے متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کو دوبارہ بحال کرے، جسے اسکالرشپ کے فیز II اور III میں ختم یا خارج کر دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

یہ قرارداد رکن اسمبلی امجد حسین کی جانب سے پیش کی گئی، جس میں واضح کیا گیا کہ سال 2021 سے ہر سال 70 سے 75 ہونہار طلبہ اس اسکالرشپ کے ذریعے ملک بھر کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے تھے۔

قرارداد میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اسکالرشپ سے جی بی کے طلبہ کا اخراج خطے کی معاشی پسماندگی اور دور دراز جغرافیائی محل وقوع کے تناظر میں ان کی تعلیمی ترقی کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔اسمبلی نے سفارش کی کہ گلگت بلتستان کے طلبہ کو ایک مرتبہ پھر اسکالرشپ پروگرام کے فیز II اور III میں شامل کیا جائے تاکہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح یہاں کے طلبہ کو بھی برابر تعلیمی مواقع حاصل ہوں۔