اگست یوم شہدا پولیس کی یاد میں پروقار تقریب کا انعقاد

زندہ قومیں ہمارے مستقبل کیلئے خود کو قربان والے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کرتیں

پیر 4 اگست 2025 19:57

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء) 4 اگست یوم شہدا پولیس کے موقع پرڈی پی ایس سکول کے آڈیٹوریم ہال میں پروقار تقریب کا انعقاد، تقریب میں شہداء پولیس کی فیملیز، ممبران صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں، حاجی محمدنعیم صفدر انصاری، چوہدری احسن رضا، ڈپٹی کمشنر عمران علی، ڈی پی اومحمدعیسیٰ خاں، رینجر کے افسران، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل، ممبران امن کمیٹی،تاجروں، وکلا، صحافیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، شرکا کی طرف سے پنجاب پولیس کے شہدا کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔ قصور پولیس کی طرف سے شہدا کے بچوں میں لیب ٹاپ اور فیملیز کیلئے دیگر تحائف بھی تقسیم کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر ان صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں، حاجی محمدنعیم صفدر انصاری اور چوہدری احسن رضا نیکہاکہ زندہ قومیں ہمارے مستقبل کیلئے خود کو قربان والے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔

(جاری ہے)

شہید اپنے لہو سے قوم کی تاریخ رقم کرتے ہیں قصور پولیس کی تاریخ بھی ان چمکتے ستاروں سے تابندہ و جاوید ہیں۔ہمارے شہدا کی قربانیاں ہمارے آج محفوظ ہونے کی ضمانت ہیں۔یہ تمام عظیم خاندان جن کے پیارے ہمارے محفوظ اور روشن مستقبل کیلئے قربان ہو گئے، پوری قوم کے محسن ہیں۔ تقریب سے خطاب کے دوران ڈپٹی کمشنر عمران علی اور ڈی پی اومحمدعیسیٰ خاں نے کہاکہ یوم شہداء منانے کا مقصد اُن بہادر افسران و سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے مادر وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

پولیس کے شہداء نے بہادری اور شجاعت کی لازوال داستانیں رقم کیں، جن کی قربانیوں کے باعث آج ملک میں امن قائم ہے۔ پولیس شہداء کی فیملیز کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ہر غم و خوشی میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کی ہر ممکن مدد اور مسائل کا حل محکمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔تقریب میں ملی نغمے، ٹیبلو، شہدا پر ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی، آخر میں شہدا کے ورثاء کے اعزاز میں ظہرانہ کا بھی انتظام بھی کیا گیا۔

قبل ازیں ڈی پی او قصور نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور سلامی پیش کی، شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے قرآن خوانی بھی کی گئی۔ 4 اگست یوم شہدا پولیس کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس لائن قصور میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے یادگار شہدا پر سلامی پیش کی۔ ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر اور اے ایس پیز (یوٹی) نے پھولوں کی چادر چڑھائی، شہدا پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔