وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایم پی اے صفیہ سعید کا ڈسٹرکٹ جیل قصور کا دورہ

پیر 4 اگست 2025 20:02

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رکن پنجاب اسمبلی صفیہ سعید نے ڈسٹرکٹ جیل قصور کا دورہ کیا۔ مردوخواتین اسیران کی بیرکوں، سلائی کڑھائی اور بیوٹیشن سنٹر، سٹچنگ یونٹ،جوتا سازی،فرنیچر سازی،بلب سازی، کچن اور قیدیوں کو دیے جانے والے کھانے کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر سپرٹینڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل قصور میاں عمیر اکرام،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن لاہور ڈویژن و ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر قصور تابندہ سلیم، بلقیس ایڈووکیٹ، سٹی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن عظمیٰ اوردیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

سپرٹینڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل قصور میاں عمیر اکرام نے ممبر صوبائی اسمبلی صفیہ سعید کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خواتین کو سلائی کڑھائی اور بیوٹیشن کے کورسز کروائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اب تک 60 سے 70 خواتین کو ٹریننگ دی جا چکی ہے اور اس طرح سے خواتین جیل میں اپنی سزا پوری کرنے کے بعد باعزت طریقے سے اپنا روزگار بھی کمانے کے قابل ہو جائیں گی۔سپرنٹنڈنٹ جیل نے مزید بتایا کہ مرد قیدیوں کو ہنرمندبناکر اس قابل بنایا جارہاہے کہ وہ سزا پوری ہونے کے بعد باعزت طریقے سے اپنا روزگار کما سکیں۔

جیل میں بنائے گئے جوتا سازی کے کارخانے سے متعلق انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ روزانہ 12 سیٹ جوتوں کے تیار کیے جاتے ہیں جبکہ فرنیچر سازی کے تحت قیدیوں کو دیے جانے والا معاوضہ قیدیوں کے اکاو?نٹس میں بھیج دیا جاتا ہے۔ممبر صوبائی اسمبلی نے ڈسٹرکٹ جیل میں ایل ای ڈی بلب سازی کا یونٹ بھی دیکھا جس میں قیدی ایل ای ڈی بلب خود تیار کر رہے تھے۔

ایم پی اے صفیہ سعید نے ڈسٹرکٹ جیل کے کچن کا بھی دورہ کرکے قیدیوں کو دیے جانے والے کھانے کے معیار کو خود کھاکر چیک کرکے تسلی بخش قرار دیا۔ سپرٹینڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل نے بتایا کہ گزشتہ دو سالوں میں2ہزار پودے بھی شجرکاری مہم کے تحت ڈسٹرکٹ جیل میں لگائے جا چکے ہیں۔اس موقع پر ایم پی اے صفیہ سعید نے جیل میں قائم لائبریری کا بھی جائزہ لیا جس میں ذہنی نشوونما اور تعمیرِ کردار پر مبنی کتب رکھی گئی ہیں تاکہ قیدیوں کی ذہنی نشو نما بھی کی جا سکے۔

ممبر صوبائی اسمبلی صفیہ سعید نے جیل کی کارکردگی پر تسلی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جیل میں وزٹ کا مقصد جیل میں موجود خواتین اسیران جو صرف معمولی جرمانوں کی وجہ سے قید کاٹ رہی ہیں انکا جرمانہ زکوة فنڈ سے ادا کرکے رہائی دلانا تھا۔سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل میاں عمیر اکرام جیل میں دو سال سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور جیل ڈسٹرکٹ جیل کے حالات بہت تسلی بخش اور حوصلہ افزا ہیں۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل نے محترمہ صفیہ سعید سے جیل میں قیدیوں کے کمروں تک داخلی راستوں میں ٹف ٹائل لگوانے کے لیے حکومت پنجاب سے گرانٹ کی سفارش کی۔جس پر ایم پی اے صفیہ سعید نے انکی گزارش وزیر اعلی پنجاب تک پہنچانے کا اعادہ کیا۔