گلگت بلتستان پولیس کے جوانوں نے ہمیشہ بہادری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثالیں قائم کی ہیں،سعدیہ دانش

پیر 4 اگست 2025 21:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) گلگت بلتستان اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر سعدیہ دانش نے یومِ شہداء پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے بہادر شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء نے عوام کے جان و مال کی حفاظت، امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کرکے تاریخ رقم کی ہے۔

ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ سعدیہ دانش نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان پولیس کے جوانوں نے ہمیشہ بہادری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثالیں قائم کی ہیں۔ ان شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ گلگت بلتستان میں پہلی بار پولیس شہداء کے لئے شہداء پیکج پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے ان کی قربانیوں کا اعتراف ہے۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان میں ابھی بھی پولیس جوانوں کے لئے مزید مراعات اور ادارے میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کا مشن جاری رکھا جائے گا اور ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ یومِ شہداء پولیس کے موقع پر ہم ان بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کے امن و امان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ پولیس کے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ڈپٹی اسپیکر نےمزید کہا کہ پولیس کے جوانوں نے ہمیشہ جرات اور فرض شناسی کی مثال قائم کی ہے اور قوم ان کی مقروض ہے ،حکومت ان کے ورثاء کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔