ایس او ایس ولیج جامشورو میں معرکۂ حق کے عنوان سے جشنِ آزادی کی پروقار تقریب

پیر 4 اگست 2025 21:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) جشنِ آزادی کے سلسلے میں ایس او ایس ولیج جامشورو میں ’’معرکۂ حق‘‘ کے عنوان سے ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری تھے۔ انہوں نے تقریب میں قومی پرچم لہرایا اور ایس او ایس ولیج کے طلبہ و طالبات کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔

تقریب کے دوران طلبہ نے قومی ترانہ، ملی نغمے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کیے جنہیں حاضرین نے بھرپور داد دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جامشورو نے کہا کہ ’’جشنِ آزادی معرکۂ حق‘‘ ہمارے بہادر فوجی جوانوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یکم اگست سے 14 اگست تک جشنِ آزادی کی تقریبات جوش و جذبے سے منائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ایس او ایس ولیج کے چیئرمین دوست محمد بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان عظیم قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے اور ہم معرکۂ حق میں جان نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جانبازوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نورالدین ہنگورجو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پیر منظور، ایڈیشنل ڈائریکٹر مہران یونیورسٹی امداد علی بگھیو، اسسٹنٹ کمشنر کوٹری ندیم قادر ، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر نوید احمد سومرو، اسٹاف آفیسر عرفان علی چنہ، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔