مودی حکومت کا جنگی جنون: 224کروڑ روپے کے دفاعی سازو سامان کی خریداری

پیر 4 اگست 2025 21:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) بھارت میں مودی کی ہندوتوا حکومت نے اپنا جنگی جنون جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھر خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج نے 212عدد 50ٹن وزنی ٹینک ٹرانسپورٹر ٹریلرز کی خریداری کے لیے 224کروڑ روپے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جو جنگی گاڑیوں اور بھاری ہتھیاروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ ٹریلرز جدید ہائیڈرولک اور پنیومیٹک لوڈنگ ریمپس سے لیس ہیں اور بھارتی کمپنی اینجس کیڈس ایروسپیس نے ان کی فراہمی کا معاہدہ حاصل کیا ہے۔ اس خریداری کو مودی سرکار کی آتم نربھر بھارت مہم کے تحت ایک اہم عسکری قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین کے مطابق یہ کروڑوں روپے کے ہتھیار خریدنے کے معاہدے بھارت کی طرف سے پاکستان مخالف جارحیت کا واضح اشارہ ہیں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں۔

مودی حکومت کی نتہا پسند ہندوتوا پالیسیوں کے تحت نوجوانوں میں عسکری ذہن سازی کی مہم بھی زوروں پر ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج نے لداخ میں این سی سی کیڈٹس کے لیے خصوصی آرمی اٹیچمنٹ اور تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا ہے جہاں ہتھیاروں کی تربیت، نقشہ پڑھنے اور جسمانی فٹنس پر توجہ دی جا رہی ہے۔یہ اقدامات مودی حکومت کے جنگی جنون اور انتہا پسندانہ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، جس کا مقصد نوجوانوں میں عسکریت پسندی کو فروغ دینا اور سیاسی مقاصد حاصل کرنا ہے۔

ماہرین کے مطابق مودی سرکار جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کر کے آپریشن سندور کی بدترین شکست کے داغ کو مٹانے کی کوشش کر رہی ہے، مگر یہ بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کو چھپانے میں ناکام رہے گی۔پاکستان نے پہلے ہی واضح کیا ہے کہ وہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور اورموثر جواب دینے کے لیے تیار ہے اور خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔