کشمیر پاکستان کی شہ رگ، 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی تھی ، معاونِ خصوصی ہارون اختر خان

منگل 5 اگست 2025 10:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کے یکطرفہ اقدامات اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی تھی،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم کبھی بھی بھارت کے غیر قانونی قبضے کو تسلیم نہیں کر یں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کیا،یہ ہر سال 5 اگست کو بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اور 35A کی غیر قانونی منسوخی کی مذمت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کے یکطرفہ اقدامات اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی تھی ۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے زور دے کر کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کبھی بھی بھارت کے غیر قانونی قبضے کو تسلیم نہیں کرے گا۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور میڈیا پر مکمل پابندی کی شدید مذمت کی جو بھارت کے ان اقدامات کے بعد نافذ کی گئی تھیں۔ ا ن کا کہنا تھا کہ 5 اگست کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت پر حملے کی علامت ہے۔ہارون اختر خان نے کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ حمایت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور انصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست کشمیری عوام کی بے شمار قربانیوں کو یاد کرنے اور ان کی جائز جدوجہد سے یکجہتی کے عزم کو دہرانے کا دن ہے ۔\932