منڈی بہاؤالدین ،ضلعی سطح پر کشمیری عوام سے یکجہتی، پرچم کشائی اور ریلی

منگل 5 اگست 2025 16:03

منڈی بہاوالدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے چھ سال مکمل ہونے پر ضلع منڈی بہاؤالدین میں بھی "یومِ استحصالِ کشمیر" بھرپور انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ضلع کونسل ہال میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی،تقریب کا آغاز پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم کی کشائی سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا اور مظلوم کشمیری شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ نے پرچم کشائی کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ استحصال منانے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری عوام تنہا نہیں، پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے،انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست 2019 کو کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس مقبوضہ وادی کی آئینی حیثیت ختم کرکے ظلم و جبر کا نیا باب رقم کیا، آج کا دن عالمی برادری کی توجہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی طرف مبذول کرانے کا دن ہے، اور پاکستانی قوم وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں مظلوم کشمیریوں سے مکمل اظہارِ یکجہتی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

تقریب کے اختتام پر یکجہتی ریلی نکالی گئی جو ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر ڈی سی آفس کے گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔\378