ٹنڈوآدم میں یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی گئی

منگل 5 اگست 2025 16:13

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) ٹنڈوآدم میں یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیےریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم حنین طارق شاہانی نے کی جو محمدی چوک سے شروع ہو کر پریس کلب ٹنڈوآدم پت اختتام پذیر ہوئی ۔ ریلی میں ڈی ایس پی ٹنڈوآدم عبد الستار گرگیج، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر مختیار عمرانی، محکمہ مال کے افسر حکام ڈنو خاص خیلی، میونسپل کمیٹی کے افسران و عملہ، طلبہ، اساتذہ اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر کشمیری مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ریلی کے شرکانے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم حنین طارق شاہانی اور ڈی ایس پی عبد الستار گرگیج نے کہا کہ 5 اگست کا دن کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف مزاحمت اور جدوجہد کی علامت ہے، کشمیری عوام آج بھی اپنے حقِ خود ارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور پاکستان کے عوام ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا جائز حق دیا جائے۔