ضلعی انتظامیہ حیدرآباد نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی

منگل 5 اگست 2025 16:19

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) ضلعی انتظامیہ حیدرآباد نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی ، جو شہباز بلڈنگ سے شروع ہو کر پوسٹ ماسٹر جنرل چوک، ٹھنڈی سڑک پر اختتام پذیر ہوئی ۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے کی۔ ریلی میں چاروں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی و ٹریفک پولیس افسران، مختلف سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاروں، اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکا نے کشمیری عوام کے حق میں پینافلیکس اور بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر بنے گا پاکستان، افواج پاکستان زندہ باد اور دیگر نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران کشمیر سے یکجہتی کے قومی و ملی نغمے بجائے گئے جبکہ شرکانے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے کہا کہ آج کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ جو ظلم و ستم ہو رہا ہے، اس کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔

ہم ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے افسران کے ہمراہ کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم دنیا کو ایک پرامن پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے باوجود اب تک حل طلب ہے اوربھارتی مظالم جاری ہیں۔ بین الاقوامی برادری خصوصا اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے تاکہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حقِ خود ارادیت حاصل ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نہیں نکلتا، برصغیر میں امن کا قیام ممکن نہیں۔