حیدرآباد، شہید بینظیرآباد میں یومِ استحصال کشمیر بھر پور طریقے سے منایا گیا

منگل 5 اگست 2025 16:19

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) شہید بینظیرآباد میں یومِ استحصال کشمیر بھر پور طریقے سےمنایا گیا، اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ شہید بینظیرآباد کی جانب سے ڈی سی آفس میں قومی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ اقبال احمد تنیو نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

بعد ازاں، اسسٹنٹ کمشنر اقبال احمد تنیو کی قیادت میں ڈی سی آفس سے نواب شاہ پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، جس میں محکمہ ریونیو، انفارمیشن، صحت، تعلیم کے افسران، سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکانے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

ریلی کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ اقبال احمد تنیو، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد سلیم بھٹی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 35A اور 370 کو منسوخ کرکے متنازع علاقے جموں و کشمیر کو اپنا آئینی حصہ قرار دیا، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کرکے مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے۔ اب وقت آ چکا ہے کہ عالمی ادارے کشمیری بھائیوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔مقررین نے کہا کہ یومِ استحصال کشمیر منانے کا مقصد بھارت کے ظلم کی مذمت اور کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار ہے تاکہ دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھایا جا سکے۔

انہوں نےکہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے اور ان کی آواز کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اس دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منا رہی ہے۔دوسری جانب، ضلع کی دیگر تحصیلوں سکرنڈ، قاضی احمد اور دوڑ میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی قیادت میں یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں۔