کوہستان لوئر میں یوم استحصال کشمیر کے حوالہ سے یکجہتی واک کا انعقاد

منگل 5 اگست 2025 18:00

کوہستان لوئر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) ضلع کوہستان لوئر میں یومِ استحصالِ کشمیر کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو کیے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے خلاف آواز بلند کرنا اور کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کرنا تھا۔تقریبات کا آغاز ایک منٹ کی خاموشی سے ہوا، جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہاریکجہتی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔

اس لمحہ خاموشی کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیا گیا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے درد و کرب کو محسوس کرتی ہے اور ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔کوہستان لوئر میں خصوصی یکجہتی واک کا اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

واک کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوہستان لوئر عبدالولی خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ کوہستان لوئر فدا الکریم اور دیگر سرکاری افسران نے کی۔

واک میں شہریوں، طلباء، سرکاری ملازمین، اساتذہ، تاجر برادری، وکلاء، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔واک کے دوران شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان ،ہم ہیں کشمیریوں کے ساتھی جیسے نعرے لگائے ۔ شرکا نے پاکستان و کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔واک اور دیگر تقاریب کے دوران پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے گئے۔

تحصیل کمپلیکس، سرکاری دفاتر اور مرکزی چوراہوں کو قومی و کشمیری پرچموں سے سجایا گیا تھا۔یہ پرچم کشائی کشمیریوں کے ساتھ محبت اور اتحاد کا عملی مظہر تھی۔واک اور تقریب کے اختتام پر خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا گیا۔علمائےکرام نے کشمیر کی آزادی، شہداء کے درجات کی بلندی اور مظلوم کشمیری عوام کی مدد کے لیے اجتماعی دعا کروائی۔