زرعی یونیورسٹی پشاور کے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر نے یومِ استحصالِ کشمیر عقیدت و احترام سے منایا

منگل 5 اگست 2025 19:46

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) زرعی یونیورسٹی پشاور کے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر نے یومِ استحصال کشمیر عقیدت و احترام سے منایا۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و استبداد، سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، اور 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور 35 اے کے غیر قانونی خاتمے کے خلاف بھرپور آواز بلند کی۔شرکاء نے مظلوم کشمیریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ایمریٹس ڈاکٹر جہان بخت کی قیادت میں واک کا انعقاد کیا جس میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ایمریٹس ڈاکٹر جہان بخت، غلام داؤد مدے خیل یوسف زئی، زاہد اشرف اور سٹوڈنٹس کونسلنگ، پلیسمینٹ اینڈ ہیومن ریسورس ریسورس ڈیولپمنٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انور علی شاد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری بھائیوں کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور کشمیر کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں وکشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں معاشی ترقی کے منصوبے روکے جا چکے ہیں، کشمیری نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع ناممکن بنا دیئے گئے، بھارت کشمیری حریت پسندوں کی آوازوں کو دبا نہیں سکتا، بھارت سلامتی کونسل کی جانب سے منظور کردہ قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو جوابدہ بنائے، مقبوضہ جموں وکشمیر پر پاکستان کا موقف واضح ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیر کا مسئلہ حل کرنے کے لئے پاکستان نے سفارتی کوششوں کو اپنا محور بنایا ہے۔