این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کا باہمی تعاون خطے میں تجارت کی نئی راہیں کھولے گا، عاطف اکرام شیخ

منگل 5 اگست 2025 21:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) ہیڈ آف ٹریڈرز مارکیٹ ڈی پی ورلڈ عبداللہ یعقوب السید احمد الہاشمی ،وائس چیئرمین فخر عالم اور ڈائریکٹر پلانز این ایل سی بریگیڈیئر محمد یوسف نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی )کیپٹل آفس کا دورہ کیا اور صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ ، دبئی میں ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی کے مشترکہ منصوبے پاکستان مارٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہیڈ آف ٹریڈرز مارکیٹ ڈی پی ورلڈ عبداللہ یعقوب نے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم مشترکہ منصوبے کے حوالے سے اہم انتہائی پرجوش ہیں، دبئی جیسے معاشی حب میں پاکستان مارٹ جیسے ادارے کا کردار انتہائی اہم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مارٹ میں پاکستان کی بنی ہوئی اشیا فروخت کی جائیں گی، مارٹ صرف ایک بزنس پراجیکٹ نہیں بلکہ بیرون ملک پاکستان کی شناخت ثابت ہو گا۔وائس چیئرمین ڈی پی ورلڈ فخر عالم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی اور ملک کو آگے لے جانے میں اصل کردار بزنس کمیونٹی کا ہوتا ہے،دبئی میں اس علاقے میں چین کا مارٹ قائم ہے جبکہ بھارت بھی وہاں پر 180 ملین ڈالر کی لاگت سے اپنا مارٹ بنا رہا ہے۔

فخر عالم نے کہا کہ بھارت یہ زمین حاصل کرنا چاہتا تھا تاہم ہم اسے حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ دبئی کے حکمران نے پاکستان کو مارٹ کے قیام کیلئے ملین آف ڈالرز کی زمین فری میں دی ہے،پاکستانی مصنوعات پر 5 فیصد ڈیوٹی بھی لاگو نہیں ہو گی، مارٹ کے سامنے وئیر ہاؤس ہو گا۔ وائس چیئرمین ڈی پی ورلڈ نے مزید کہا کہ ڈی پی ورلڈ کے اس وقت دنیا بھر میں ایک لاکھ 80 ہزار ورکرز ہیں جبکہ 96 پورٹس پر یہ کمپنی آپریٹ کر رہی ہے۔

فخر عالم نے کہا کہ ہم یہ زمین حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں تاہم اس پراجیکٹ کو کامیاب بنانے میں بزنس کمیونٹی اپنا کردار ادا کرے۔ ڈائریکٹر پلانز این ایل سی محمد یوسف نے کہا کہ این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کی شراکت داری خطے میں تجارت کی نئی راہیں کھولے گی۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کا باہمی تعاون خطے میں تجارت کی نئی راہیں کھولے گا۔

انہوں نے کہا کہ چائنہ کے ڈریگن مارٹ کا اس وقت دبئی اور چین کی معاشی شراکت داری میں کلیدی کردار ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مارٹ بھی ڈریگن مارٹ کی طرح رول ماڈل پراجیکٹ ثابت ہو گا، پاکستان مارٹ یو اے ای کو پاکستانی برآمدات کے 2 ارب ڈالر کے ہدف کے حصول میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ درجے کے چاول اور دیگر مصنوعات پیدا ہوتی ہیں جو دبئی کی مارکیٹ میں اپنا مقام بنائیں گی،پاکستان مارٹ معاشی ڈپلومیسی کی مثال اور بیرون ملک پاکستان کی پہچان بنے گا۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور بزنس کمیونٹی ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی کے اس مشترکہ منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تر ممکنہ تعاون کیلئے تیار ہے۔