5 اگست کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی

منگل 5 اگست 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ 5اگست 2019کا دن کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے جب بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پر شب خون مارا گیا، بھارت 78برسوں سے ظلم، جبر اور استبداد کے حربے آزما چکا ہے، کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی آج بھی پوری قوت سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے جبکہ کشمیریوں کی جدوجہد کو اقوامِ عالم کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی سے خطے کا امن داؤ پر لگ چکا ہے۔ دس لاکھ بھارتی افواج کی موجودگی بھارت کے جبر کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں گواہ ہیں کہ وہ نہ جھکے ہیں نہ جھکیں گے۔سپیکر نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ وادی میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔