یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ملک بھر کی طرح ضلع چکوال میں بھی مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا

منگل 5 اگست 2025 21:20

چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ملک بھر کی طرح ضلع چکوال میں بھی مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔ اس موقع پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لئے ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز میں ریلیاں نکالی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی یکجہتی ریلی ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد کی گئی جس کی قیادت اے ڈی سی جی بلال بن عبد الحفیظ نے کی۔

(جاری ہے)

ریلی میں سی ای او ایجوکیشن محمد صفدر ملک، ڈی او سیکینڈری ڈاکٹر عبد الوحید ،سی او ضلع کونسل فیاض ہاشمی، پرنسپل ڈی پی ایس سکول و کالج محمد ندیم سرور و دیگر سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ریلی کے اختتام پر ضلع کونسل ہال میں اے ڈی سی جی بلال بن عبد الحفیظ کے زیر صدارت یومِ استحصال کشمیر سیمینار بھی منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی جدو جہد آزادی اور جذبہ حریت و قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بد ترین جبر و تشدد کے باوجود بہادر کشمیریوں کے جذبہ حریت و خود ارادیت کو دبا نہیں سکتا۔