اوستہ محمد میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر رزاق خان خجک کی زیر قیادت عظیم الشان ریلی نکالی گئی

منگل 5 اگست 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) اوستہ محمد میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر رزاق خان خجک کی زیر قیادت ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں مئیر میونسپل کارپوریشن میر مظفر خان جمالی ضلعی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، علاقہ معتبرین، اساتذہ اور اسکولوں کے طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں کشمیر و پاکستان کے پرچم، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف شدید الفاظ درج تھے۔ شرکا نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی اور کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رزاق خان خجک نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کر رہا ہے اور وہاں کے مسلمانوں کے حقوق کو طاقت کے زور پر دبایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کا کشمیری مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کا مذموم منصوبہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور اقوامِ عالم کی خاموشی بھی قابلِ افسوس ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا آیا ہے اور یہ حمایت اْس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیر بھارتی تسلط سے مکمل طور پر آزاد نہیں ہو جاتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام، حکومت اور ادارے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر منعقدہ ریلی نہ صرف کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار تھی بلکہ یہ پیغام بھی دیا گیا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔