ضلعی ہیڈ کوارٹر اوتھل میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل سراج بلوچ کی زیرنگرانی ریلی نکالی گئی

منگل 5 اگست 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر لسبیلہ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر اوتھل میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل سراج بلوچ کی زیرنگرانی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس سے ہوا جو مین آر سی ڈی شاہراہ سے گشت کرتی ہوئی دوبارہ ڈپٹی کمشنر آفس پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی میں چیئرمین ضلع کونسل سردارعبدالرشید کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے افسران، ضلعی پولیس کے افسران، موٹروے پولیس کے افسران، بلدیاتی نمائندوں، اساتذہ اور طلبہ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مظلوم کشمیریوں کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

شرکا نے "کشمیر بنے گا پاکستان"، "کشمیریوں سے رشتہ کیا ۔

لا الہ الا اللہ" جیسے پرجوش نعرے بھی لگائے۔ ریلی کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سراج احمد بلوچ اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل لسبیلہ سردار عبدالرشید پھورائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن تاریخ کا سیاہ باب ہے جب بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت پر شب خون مارا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی جدوجہد آزادی میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور بھارت کو مظلوم کشمیریوں پر جاری مظالم سے باز رکھنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔