فخر زمان انجرڈ،کیا بابر اعظم کی ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی ہورہی ہی

اگر فخر زمان وقت پر مکمل فٹنس حاصل کرنے میں ناکام رہے تو بابر اعظم کو ٹی 20 ٹیم میں واپس بلایا جا سکتا ‘بحث شروع

بدھ 6 اگست 2025 14:09

فخر زمان انجرڈ،کیا بابر اعظم کی ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی ہورہی ہی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)سابق کپتان بابر اعظم کی ایشیا کپ سے قبل پاکستان کے ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی کا امکان ہے کیونکہ فخر زمان انجرڈ ہوگئے ہیں۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران فخر زمان کے ہیمسٹرنگ انجری کے بعد سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کرنے لگیں، بائیں ہاتھ کے اوپنر کو کیریبین ٹور کے ٹی 20 اور ون ڈے سے باہر کردیا گیا ہے۔

سہ ملکی سیریز تیزی سے قریب آ رہی ہے، فخر سے متعلق ٹائم لائن ابھی تک واضح نہیں ہے، جس سے ایشیا کپ میں پاکستان کے ٹاپ آرڈر کے بارے میں سوالات اٹھ رہے ہیں۔انجری کے بعد پی سی بی نے فخر کو ہدایت کی کہ وہ لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کریں جہاں وہ بورڈ کے میڈیکل پینل کے تحت بحالی سے گزریں گے۔

(جاری ہے)

ایشیا کپ کے لیے فخر زمان کی دستیابی غیر یقینی ہے۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ پی سی بی ان کی صحتیابی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، ہنگامی منصوبے پہلے ہی زیر بحث ہیں۔سوشل میڈیا پر رپورٹس بتاتی ہیں کہ اگر فخر زمان وقت پر مکمل فٹنس حاصل کرنے میں ناکام رہے تو بابر اعظم کو ٹی 20 ٹیم میں واپس بلایا جا سکتا ہے۔تاہم، خیال کیا جاتا ہے کہ بابر کی کسی بھی ممکنہ واپسی کا انحصار ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ون ڈے سیریز میں ان کی فارم پر ہے۔

اگر وہ اپنی کارکردگی سے سلیکٹرز کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے تو یہ ایشیا کپ سے قبل قومی ٹیم میں ان کی واپسی کا دروازہ کھل سکتا ہے۔بابر نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی 20 کے دوران محمد رضوان اور نسیم شاہ کے ساتھ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کی۔ایشیا کپ کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان اگست کے دوسرے ہفتے متوقع ہے جبکہ ایشیا کپ 2025 کا آغاز 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان گروپ بی کے میچ سے ہوگا۔

دو گروپس میں تقسیم کل آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ سخت حریف پاکستان اور بھارت کو گروپ اے میں متحدہ عرب امارات اور عمان کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، افغانستان، سری لنکا اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔پاکستان اپنی مہم کا آغاز 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کرے گا، اس کے بعد 14 ستمبر کو بھارت کے خلاف بلاک بسٹر میچ ہوگا۔ گروپ مرحلے کا آخری میچ 17 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف شیڈول ہے۔