مودی کی ’پاکستانی بہن‘ نے اپنے ہاتھوں سے راکھی تیارکرلی، دعوت نامے کا انتظار

بدھ 6 اگست 2025 15:23

مودی کی ’پاکستانی بہن‘ نے اپنے ہاتھوں سے راکھی تیارکرلی، دعوت نامے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)قمر محسن شیخ، جو ہر سال رکشا بندھن کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کو راکھی باندھتی ہیں، اس سال بھی دو خوبصورت ہاتھ سے بنی ہوئی راکھیاں تیار کر چکی ہیں اور وزیراعظم ہاؤس سے دعوت نامے کی منتظر ہیں۔قمر محسن شیخ کا تعلق پاکستان کے شہر کراچی سے ہے۔ 1981 میں شادی کے بعد وہ بھارت منتقل ہوئیں۔

پچھلے 30 سالوں سے وہ نریندر مودی کو راکھی باندھ رہی ہیں۔ اس سال انہوں نے ’اوم‘ اور ’بھگوان گنیش‘ کے ڈیزائن والی دو راکھیاں خاص طور پر تیار کی ہیں۔قمر محسن شیخ کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بازار سے راکھی نہیں خریدتیں بلکہ ہر سال اپنے ہاتھوں سے بناتی ہیں، اور پھر بڑی محبت سے ایک راکھی منتخب کر کے وزیراعظم کے ہاتھ پر باندھتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی اور وزیراعظم مودی کی پہلی ملاقات یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اُس وقت مودی جی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے کارکن تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ مودی جی نے ان سے حال چال پوچھا تھا، اور وہ مختصر مکالمہ ایک ایسے رشتے کی بنیاد بنا جو آج تین دہائیوں سے بھی زیادہ عرصے پر محیط ہے۔قمر شیخ نے بتایا کہ ایک بار رکشا بندھن کے موقع پر انہوں نے دعا کی تھی کہ مودی جی گجرات کے وزیراعلیٰ بنیں، اور جب یہ دعا قبول ہوئی تو مودی جی نے پوچھا کہ اب کیا دعا دیں گی اس پر شیخ نے جواب دیا کہ وہ چاہتی ہیں کہ وہ بھارت کے وزیراعظم بنیں، اور آج وہ اپنی تیسری مدتِ اقتدار گزار رہے ہیں۔

2024 میں وہ دہلی سفر نہیں کر پائیں، لیکن اس سال انہیں امید ہے کہ وزیراعظم آفس کی جانب سے دعوت ملے گی اور وہ اپنے شوہر کے ہمراہ دہلی جا کر راکھی باندھنے کی روایت کو جاری رکھ سکیں گی۔قمر محسن شیخ نے آخر میں کہا کہ وہ وزیراعظم کی صحت و سلامتی کے لیے مسلسل دعاگو ہیں اور چاہتی ہیں کہ وہ چوتھی بار بھی ملک کی خدمت کریں۔