بھارتی پولیس نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ایک اورشخص کی جائیداد ضبط کر لی

بدھ 6 اگست 2025 17:04

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نئی دہلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی انتظامیہ نے اپنے نوآبادیاتی ایجنڈے کو جاری رکھتے ہوئے ضلع کٹھوعہ میں ایک اور شخص کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے منوج سنہا کے حکم پر کارروائی کرتے ہوئے تحصیل بنی کے گائوں لوانگ کے رہائشی محمد اشرف کی 16.5 مرلہ اراضی ضبط کر لی۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے دعوی کیا کہ محمد اشرف آزادی پسند سرگرمیوں میں ملوث ہے اور اسے مفرور قرار دیا گیا ہے۔کشمیریوں کو نشانہ بنانے کے لیے اکثر یہ الزامات استعمال کیے جاتے ہیں۔اگست 2019میں مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت کی یکطرفہ اور غیر قانونی منسوخی کے بعد سے بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے علاقے میں اپنی ظالمانہ کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اس وقت سے اب تک کشمیریوں کی سینکڑوں رہائشی اور کمرشل جائیدادیں ضبط کر لی گئی ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد مقامی کشمیریوں کو معاشی طورپر کمزورکرنا اور غیر مقامی ہندئوں کو ضبط شدہ زمینوں پر بسانا ہے تاکہ علاقے میںآبادی کا تناسب تبدیل کرنے میں آسانی ہو۔