جینرک ادویات کے فروغ سے اربوں کی بچت ممکن ہے . ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

جینرک ادویات کی قیمتیں برانڈڈ ادویات کے مقابلے میں پانچ گنا تک کم ہو سکتی ہیں،دوا کی خریدار ڈریپ کی منظور شدہ فہرست سے کم قیمت طریقہ کار کے تحت کی جائے تاکہ قومی خزانے پر بوجھ کم ہو، پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنا یاجائے.وفاقی وزیر صحت کو خط

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 6 اگست 2025 14:39

جینرک ادویات کے فروغ سے اربوں کی بچت ممکن ہے . ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 اگست ۔2025 )ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے جینرک ادویات کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے فروغ سے قومی خزانے کو اربوں روپے کی بچت ہو سکتی ہے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال کو ایک خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں دوا کی خریداری اور تجویز میں جینرک ادویات کے استعمال پر زور دیا گیا ہے.

(جاری ہے)

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اگر صرف جینرک ادویات تجویز کی جائیں تو حکومت کو اربوں روپے کی بچت ممکن ہو سکتی ہے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے تجویز دی ہے کہ دوا کی خریداری ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان(ڈریپ) کی منظور شدہ فہرست سے کم قیمت طریقہ کار کے تحت کی جائے تاکہ قومی خزانے پر بوجھ کم ہو. خط کے مطابق جینرک ادویات کی قیمتیں برانڈڈ ادویات کے مقابلے میں پانچ گنا تک کم ہو سکتی ہیں مثال کے طور پر ایسپرین 300 ملی گرام کی قیمت مختلف کمپنیوں میں 80 سے 150 روپے کے درمیان ہے ادارے کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کو جینرک نام سے دوا تجویز کرنے کی ہدایت پر تاحال مکمل طور پر عملدرآمد نہیں ہو سکا، جو ایک تشویشناک صورتحال ہے.

خط میں کہا گیا ہے کہ ڈریپ کے مطابق رجسٹرڈ دوا کا معیار اور قیمت پہلے سے منظور شدہ ہوتی ہے، لہذا غیر ضروری مہنگی برانڈڈ ادویات کی خریداری سے گریز کیا جائے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے پیپرا اور وزیراعظم آفس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں کیونکہ جینرک ادویات کا فروغ نہ صرف عوامی مفاد میں ہے بلکہ قومی معیشت کے لیے بھی ناگزیر ہے.