سرینگر میں نظربند نوجوانوں کے گھروں پراین آئی اے کے چھاپے

بدھ 6 اگست 2025 18:27

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں وکشمیرمیں بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے اہلکاروں نے جیل میں نظربند کئی نوجوانوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق این آئی اے نے سرینگر کے علاقے اخراج پورہ کی رستم کالونی میں جیل میں نظربند ہاشم فاروق میر کے گھر پر مارا۔

(جاری ہے)

ہاشم فاروق میر بہت سے کشمیری نوجوانوں میں سے ایک ہیں جنہیں بھارتی فورسز نے مجاہدین کا معاون قراردے کر گرفتارکیا ہے، وہ اس وقت کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں نظر بند ہیں۔

این آئی اے نے سرینگر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کئی دیگرنظربند نوجوانوں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے۔یہ چھاپے لوگوں کو ہراساں کرنے کے لئے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ”یو اے پی اے“کے تحت مارے گئے تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے لوگوں کے جائز مطالبے کو دبایا جا سکے۔