ڈی جی سپورٹس کی جانب سے ناروے فٹ بال کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن محمد انیس کا پرتپاک استقبال

بدھ 6 اگست 2025 20:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر کی قیادت میں ناروے فٹ بال کپ جیتنے والے پاکستان ٹیم کے مایہ ناز رکن محمد انیس کا وطن واپسی پر پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شاندار استقبال کیا گیا۔ محمد انیس کا تعلق لنڈی کوتل ضلع خیبر سے ہے اور انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر نے محمد انیس کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ان کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محمد انیس جیسے باصلاحیت نوجوان نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کا فخر ہیں۔ ان کی محنت، لگن اور کامیابی ہماری نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔ حکومت ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی ہر ممکن سرپرستی اور تعاون یقینی بنائے گی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس آپریشن جمشید بلوچ، ریجنل سپورٹس آفیسر پشاور کاشف فرحان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع محمد ریاض، چیف کوچ شفقت اللہ، نائب صدر خیبر پختونخوا ٹیک بال ایسوسی ایشن اختر رسول، ایڈمنسٹریٹر یوسف آفریدی، کوچ امان اللہ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے، جنہوں نے محمد انیس کو مبارکباد دی اور ان کی بین الاقوامی کامیابی پر فخر کا اظہار کیا۔