آئی جی سندھ کی رزاق آبادٹریننگ سینٹر میں پولیس کے ایگلیٹ اور کمانڈوکورس کی پاسنگ آئوٹ تقریب میں شرکت

بدھ 6 اگست 2025 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) انسپکٹر جنرل سندھ پولیس (آئی جی) غلام نبی میمن نے شہید بینظیر بھٹو ایگلیٹ رزاق آباد ٹریننگ سینٹر میں پولیس کے ایگلیٹ اور کمانڈوکورس کی پاسنگ آئوٹ تقریب میں شرکت کی اورایگلیٹ ٹریننگ سینٹر میں تعمیر و مرمت کئےے گئے ٹرینیز کے رہائشی بلاک کی جانب جانیوالی سڑک کا افتتاح کیا۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق کمانڈو کورس میں 181ریکروٹس جبکہ ایگلیٹ کورس میں 481 ریکروٹس پاس آئوٹ ہوئے جن میں خواتین ریکروٹس بھی شامل تھیں۔

آئی جی سندھ کو شہید بینظیر بھٹو ایگلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد آمد پرپولیس کے خصوصی دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ کمانڈنٹ رزاق آباد ٹریننگ سینٹر و دیگر سینئر افسران نے پرتپاک استقبال کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی،ٹریننگ،ڈی آئی جی سیکورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسزڈویژن سمیت دیگرپولیس افسران نے شرکت کی۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ یہ بات کی ہے کہ ہمارے تربیتی اداروں کو بہتر سے بہتر ہونا چاہیے ،جتنی سہولیات اور معیار کے حامل انسٹرکٹرز ہونگے اور تربیتی نصاب کو جتنا اپ گریڈ کرتے جائیں گے ٹریننگ اسی قدر بہتر اور مربوط ہوگی کیونکہ ا گر استاد اچھے ہونگے تو پھر تربیت بھی اچھی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ایک سروس کا نام ہے اور ہمیں نشاندہی کرنا ہوگی کہ معاشرے کو اس سروس کی کہاں اورکیسے ضرورت ہے، ہمیں معاشرے کو درکار ضرورت کو سامنے رکھ کر ٹریننگ ماڈل کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم نے سی ٹی ڈی کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیئے مضبوط کیا ہے اور بہت سی سہولیات دی ہیں۔ سی ٹی ڈی کی افرادی قوت کو آپ نے ہی تربیت دینی ہے اور آپ ہی انہیں اپ گریڈ کرینگے، ہمیں کچہ ایریاز میں جاری آپریشنز کیلئے اسنائپرز کی بالخصوص ضرورت ہے۔

اسنائپر کے کورس کے لیئے بہتر سے بہتر جوانوں کا انتخاب کریں، تربیت کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرانہیں اسنائپرز کے لیئے منتخب کریں ، انہیں جدید اسلحہ کی ٹرینگ دیں۔ اسنائپرز کو ہر سطح پر فوقیت دیں اور سندھ پولیس کو چاہیے کہ انہیں بین الاقوامی سطح پر ہونیوالے مقابلوں میں شرکت کے مواقع دیں،اسنائپرز کو ہمیں پیشہ وارانہ امور کا حصہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کمانڈنڈنٹ رزاق آباد سی ٹی ڈی کو درکار شارٹ کورسز کی تربیت کے انتظامات کریں۔ آر آر ایف،ایس ایس یو کے ساتھ سی ٹی ڈی کو بھی اس ٹریننگ سینٹر سے تربیت کے انتظامات کئے جائیں۔