موجودہ حکومت تمام قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو ہرطرح کا تعاون اورمکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،گورنربلوچستان

بدھ 6 اگست 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ تاجر برادری اور صنعتکارپاکستان کو معاشی بحران سے نجات دلا کر اسے معاشی استحکام کی جانب لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، حکومت اور بزنس کمیونٹی کی مشترکہ کاوشوں اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے ایک روشن اقتصادی مستقبل تشکیل دیا جا سکتا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ تاجروں، صنعتکاروں اور کاروباری حضرات کو پڑوسی ممالک کی تجارتی منڈیوں تک رسائی دیں،انہیں سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں، ٹیکسوں میں رعایت فراہم کریں اور زیادہ سے زیادہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں راشد ہمایوں کی قیادت میں چیئرمین سی آئی بی ای اوپاکستان اور سینئر لیڈر آف بزنس کمیونٹی پر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران ممتاز کاروباری شخصیات اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران شفیق سواتی، ظفر شہزاد مرزا، طاہر رشید تنولی، راجہ اشفاق عباسی، انجینئر، پرویز اسلم، ذوالفقار حسین، وقار احمد وڑائچ، خرم شہزاد، راجہ اشفاق عباسی، ڈاکٹر یاسر بخاری، ڈاکٹر ابوالحسن، راحیل ملک، چوہدری اسد اللہ اور تنویر احمد موجود تھے۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم معاشی پالیسیوں، باہمی تعاون کے جذبے اور اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے ساتھ پاکستان کی معیشت کو بحال کر سکتے ہیں اور آنے والی نسلوں کیلئے معاشی انقلاب برپا کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور قیمتی معدنیات کا مالا مال صوبہ ہے، یہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع دستیاب ہے اور بلوچستان ملک کی معاشی بحالی کیلئے انتہائی اہم ہے۔

برادر اسلامی پڑوسی ممالک افغانستان اور ایران کے ساتھ طویل سرحدیں ہیں، باڈر ٹریڈز اور باڈر مارکیٹس کے قیام سے ہم اپنے صوبے میں بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ بلوچستان دیگر صوبوں بالخصوص پنجاب اور سندھ کے کارخانوں اور صعنتوں کو خام مال فراہم کا معتبر وسیلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ موجودہ حکومت تمام قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔