بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ،سیکیورٹی فورسز کی کارروائی سے4 دہشت گردجہنم واصل

جمعرات 7 اگست 2025 00:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے4 دہشت گردوں کوہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 اور 6 اگست کی درمیانی شب بھارتی پراکسی گروپ "فتنہ الہندستان" سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے مستونگ ضلع میں سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو دیسی ساختہ بارودی سرنگ (IED) سے نشانہ بنایا۔

حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے تین بہادر سپوت مادرِ وطن پر قربان ہوئے۔ دہشت گردوں کے حملے میں ضلع نارووال سے تعلق رکھنے والے 31سالہ میجر محمد رضوان طاہر، ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے 37سالہ نائیک ابنِ امین اور ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے 33سالہ لانس نائیک محمد یونس شہید ہو گئے۔

(جاری ہے)

میجر رضوان شہید ایک دلیر افسر تھے جو دہشتگردی کے خلاف متعدد آپریشنز میں پیش پیش رہے اور ہمیشہ جوانوں کی قیادت فرنٹ لائن سے کی۔

واقعے کے بعد علاقے میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے چار بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔پاک فوج بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔