امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی ولادیمیر پیوٹن کی آئندہ ہفتے ملاقات کا امکان

جمعرات 7 اگست 2025 09:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان آئندہ ہفتے براہِ راست ملاقات کا امکان ہے، جس کی تصدیق وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کی ہے۔ رائٹرز کے مطابق یہ ملاقات ایسے وقت میں ہونے جا رہی ہے جب امریکا، یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے روس پر دباؤ بڑھانے کی غرض سے نئی ثانوی پابندیوں کی تیاری کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ملاقات ممکنہ طور پر جون 2021 کے بعد پہلا موقع ہوگا جب کسی موجودہ امریکی صدر کی روسی صدر سے براہِ راست ملاقات ہوگی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل صدر جو بائیڈن نےولادیمیر پیوٹن سے جنیوا میں ملاقات کی تھی، جو روس کے یوکرین پر حملے سے تقریباً آٹھ ماہ قبل ہوئی تھی۔ذرائع کے مطابق نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے یورپی رہنماؤں سے گفتگو میں کہا ہے کہ وہ نہ صرف پیوٹن سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں، بلکہ اس کے بعد ایک سہ فریقی اجلاس بھی ممکن ہے جس میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو بھی شامل کیا جائے گا۔