چوہدری نعیم اخترمقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم ومحکوم کشمیریوں کی آواز بلند کرنے سپین پہنچ گئے

جمعرات 7 اگست 2025 14:56

بارسلونا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس چوہدری نعیم اختر تحریک کشمیر سپین اور ندائے کشمیر کے زیر اہتمام مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم ومحکوم کشمیریوں کی آواز بلند کرنے سپین پہنچ گئے جہاں انھوں نے گذشتہ روز پلاسا کاتالونیا میں منعقدہ بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی،احتجاجی مظاہرے میں پوری دنیا میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں وکشمیریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر چوہدری نعیم اختر نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے راجہ سونی،ملک شریف،راجہ شفیق،محمد وقاص جبی کو مظلوم کشمیریوں کی آواز بلند کرنے پر شکریہ ادا کیا احتجاجی مظاہرے میں بیلجیئم سے کشمیر کونسل یورپی یونین کے سرگرم رہنما سردار صدیق نے خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

چوہدری نعیم اختر نے کہا کہ 05اگست 2019 کو بھارت نے آرٹیکل 370اور 35Aختم کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے جس پر اقوام متحدہ اور عالمی دنیا کی مجرمانہ خاموشی لمحہ فکریہ ہے، کشمیری نہ تو ہندوستان کے اس اقدام کو مانتے ہیں اور نہ ہی اس اقدام کے بعد کی غیر آئینی اور غیر قانونی کاروائیوں کو مانتے ہیں کشمیری آزادی سے کم کسی قیمت پر راضی نہیں ہونگے ہندوستان جو چاہے کر لے آخری کشمیری تک جدوجہد آزادی جاری رہے گی،انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر نہتے کشمیریوں پر سات لاکھ فوج کے ذریعے جدوجہد آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے جو انکی بھول ہے تحریکیں بندوق اور بم کے زور پر نہیں دبائی جاتیں بلکہ مزید ابھر کر سامنے آتی ہیں،انھوں نے عالمی دنیا بالخصوص اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ پانچ اگست کے اقدام کو واپس لینے کے لیے بھارت کو مجبور کیا جائے اور کشمیر کی تمام اکائیوں کا جمع کر کے کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا جائے تا کہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔

بعدازاں چوہدری نعیم اختر نے بھارت مخالف نعرے لگوائے ہم کیا چاہتے آزادی،گو انڈیا گو بیک،چھین کے لیں گے آزادی، ہندوستان مردہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے فضاء گونج اٹھی،بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے کے اختتام پر شہدائے مقبوضہ جموں وکشمیر،مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی اور شہدائے پاک فوج کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔