غیرقانونی طور پر تیتر قبضہ میں رکھنے پر 2ملزمان کا چالان،جرمانہ

جمعرات 7 اگست 2025 15:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) سینئر وزیر مریم اورنگ زیب اورسیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات وماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر صوبہ میں چیف وائلڈلائف رینجر مبین الہی کی زیر قیادت جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار، کاروبار اور قبضہ کی روک تھام کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اورایسی ہی دو مختلف کارروائیوں کے دوران وائلڈلائف رینجرز راجن پور نے تیتر کے غیرقانونی قبضہ میں رکھنے پر 2ملزمان کاچالان کرکے انہیں مبلغ 37ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا ۔

(جاری ہے)

ترجمانکے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرڈیرہ غازی خان ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز راجن پور نے دو مختلف کارروائیوں میں کالا و بھورا تیتر غیرقانونی قبضہ میں رکھنے کی پاداش میں 2 ملزمان کا وائلڈلائف ایکٹ مجریہ 1974کے تحت چالان مرتب کیا تاہم ملزمان کی جانب سے کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست پر دونوں ملزمان کو مجموعی طور پر مبلغ 37ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے کیس نمٹادئیے ۔