میڈیسن کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا،شوگر اور کینسر کی ادویات کی کوئی قلت نہیں ہے، ڈاکٹر نیلسن عظیم

جمعرات 7 اگست 2025 15:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نیلسن عظیم نے کہا ہے کہ میڈیسن کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا،شوگر اور کینسر کی ملک میں ادویات کی کوئی قلت نہیں ہے،ہر جولائی میں نرخ بڑھانے کی قانونی اجازت ہے۔جمعرقت کو ڈاکٹر شرمیلا فاروقی اور دیگر کے زندگی بچانے والی ادویات بشمول انسولین اور کینسر ادویات کی خطرناک حد تک کمی اور ان کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں ڈاکٹر نیلسن عظیم نے بتایا کہ ریگولیٹ کرنے کا اختیار ڈریپ کے پاس ہے،یہ وفاق کی منظوری سے ادویات کی قیمتوں کا تعین کرتا ہے۔

ملک میں مئی2025 میں کچھ انسولین اور کینسر کی ادویات کی جنگی حالات کی وجہ سے قلت تھی تاہم اب ایسا نہیں اور کہیں بھی ان ادویات کی قلت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ ادویات ایک خاص ٹمپریچر میں رکھی جاتی ہیں اور یہ ہر میڈیکل سٹور میں دستیاب نہیں ہوتیں۔شرمیلا فاروقی نے سوال اٹھایا کہ شماریات بیورو کے اعداد وشمار کے مطابق 17.5 فیصد سالانہ اضافہ ہوا ہے۔

دیہی علاقوں میں 15 فیصد قیمتیں بڑھی ہیں۔اس کے جواب میں ڈاکٹر نیلسن عظیم نے بتایا کہ انسولین مقامی سطح پر بھی بن رہی ہے۔خورشید جونیجو کے سوال کے جواب میں نیلسن عظیم نے بتایا کہ قلت کی شکایت ڈریپ کی ویب سائٹ پر کی جاتی ہیں تاہم کہیں سے کسی نے یہ شکایت نہیں کی۔ان دو ادویات کے علاؤہ 18 شکایات موصول ہوئی جو نمٹادی گئی ہیں۔رفیع اللہ کے روش کی جانب سے مفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے سوال کے جواب میں نیلسن عظیم نے بتایا کہ روش کے ساتھ معاہدہ ہورہا تھا جس میں 27 فیصد حکومت نے دینا تھا باقی روش دیتی۔

وزیر اعظم کی دلچسپی سے ہم مسئلہ حل ہوگیا ہے۔150 ملین روپے وزارت خزانہ نے ہماری وزارت کو دے دی ہیں۔اس سلسلہ میں ایم او یو ہوگیا ہے۔سمری کابینہ کو بھجوائی گئی ہے۔وہاں سے منظوری کے بعد اس پر عملدرآمد ہوگا۔نبیل گبول نے کہا کہ ملک میں قبض کی دوائی بھی نہیں مل رہی،جعلی ادویات کے سدباب کے لیے حکومت کیا اقدامات اٹھا رہی ہے۔اس پر نیلسن عظیم نے بتایا کہ انسولین دو کمپنیاں درآمد کرتی ہیں اور دو یہاں انسولین بناتی ہیں۔اسی طرح کینسر کی ادویات بھی دو کمپنیاں یہاں بنا رہی ہیں۔امریکہ کے ایک ہسپتال کا وزارت سے معاہدہ ہوگیا ہے وہ اس کی میڈیسن مفت دیں گے۔لاہور،ملتان،کراچی،بلوچستان اور کے پی کے 6 ہسپتالوں میں یہ ادویات مفت فراہم کی جائیں گے،اس پر آئندہ سال عملدرآمد ہوگا۔