جشن آزادی معرکہ حق کے موقع پر خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ

جمعرات 7 اگست 2025 16:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء) جشن آزادی معرکہ حق کے موقع پر سندھ حکومت نے خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر ثقافت و سیاحت سندھ ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں جشن آزادی معرکہ حق کے موقع پر سندھ حکومت نے خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا۔ایم ڈی سیاحت فیاض شاہ نے آزادی ٹرین کے حوالے سے بریفنگ دی، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ڈیزرٹ ٹرین سفاری کو آزادی ٹرین کے نام سے چلایا جائیگا یہ آزادی ٹرین کراچی سے زیرو پوائنٹ تھرپارکر تک چلائی جائے گی۔

خصوصی ٹرین 13 اگست کو کراچی سے روانہ اور 14 اگست کی شام واپس پہنچے گی، آزادی ٹرین کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، عمر کوٹ سے زیرو پوائنٹ تھرپارکر پہنچے گی۔وزیر ثقافت سندھ ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ آزادی ٹرین کے شرکا ہر اسٹیشن پر عوام میں قومی پرچم تقسیم کرینگے، پرچی جی ویری پر جشن آزادی کے سلسلے میں میوزیکل ایونٹ کا انعقاد ہوگا۔

(جاری ہے)

ذوالفقار شاہ نے کہاکہ ٹرین صبح کھوکھراپار ماروی اسٹیشن پہنچے گی جہاں پرچم کشائی اور کیک کاٹا جائیگا، تقریب کے بعد ٹرین واپس کراچی کے لئے روانہ ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ سول سوسائٹی، شوبز، سیاسی شخصیات ودیگر آزادی ٹرین کا حصہ ہونگے، دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں پاکستانی قوم متحد اور پرامن قوم ہے۔