چیف جسٹس آف پاکستان سے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کراچی کی ملاقات

جمعرات 7 اگست 2025 17:37

چیف جسٹس   آف پاکستان سے  صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کراچی   کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کراچی عامر وڑائچ اور عبدالرحمن کورائی نے جمعرات کو سپریم کورٹ برانچ رجسٹری کراچی میں ملاقات کی۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان (ایل جے سی پی) کے ایڈیشنل ریذیڈنٹ سیکرٹری سہیل احمد مشوری بھی موجود تھے۔

چیف جسٹس یحییٰ آ فریدی نے کہا کہ ضلعی عدلیہ جاری ترجیحی ایجنڈے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ یہ انصاف تک رسائی کے لئے عوام کو انٹرفیس کے لئے بنیادی فورم کے طور پر کام کرتی ہے۔انہوں نے ضلعی عدالتوں کو جدید انفراسٹرکچر اور ادارہ جاتی تعاون سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ شعبہ انصاف کی مجموعی کارکردگی کو بڑھایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عصری معیارات کے مطابق عدلیہ کے بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے۔

پاکستان کے معاشی حب کے طور پر کراچی کی حیثیت کے پیش نظر انہوں نے عدالتی ڈھانچے کے قیام کی فوری ضرورت پر زور دیا جو شہر کے بڑھتے ہوئے قانونی اور تجارتی تقاضوں کو پورا کر سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم آہنگی اور اصلاحات پر عملدرآمد کو بہتر بنانے کے لئے ہر صوبے میں ایڈیشنل ریذیڈنٹ سیکرٹری ضلعی عدلیہ کے ساتھ رابطے کے ادارے کے طور پر کام کریں۔اس اقدام کا مقصد بنچ اور بار کے درمیان بامعنی تعاون کے ذریعے خلاکو ختم کرنا ہے۔انہوں نے چیف جسٹس کو ان کے وقت اور کراچی میں قانونی برادری کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے پر ان کی تعریف کی۔انہوں نے ملک بھر میں عدالتی اصلاحات کو آگے بڑھانے میں ان کے وژن اور قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا۔