چوہدری انوارالحق کی زیر صدار ت جشن آزادی تقریبات کا جائزہ اجلاس

14اگست کو تعلیمی اداروں میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور کانفرنسز کے اہتمام کا فیصلہ

جمعرات 7 اگست 2025 18:34

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت 14 اگست جشن آزادی کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے قومی تقریب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزرائے حکومت چوہدری اظہر صادق، چوہدری قاسم مجید، چوہدری ارشد حسین،پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر بھر میں 14 اگست / یوم آزادی کی تقریبات کو شیان شان طریقے سے منایا جائے گا، آزاد کشمیر کے تمام چھوٹے، بڑے شہروں کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی پرچموں سے سجایا جائے گا، مرکز، ضلعی اور تحصیل سطح پر پرچم کشائی کی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی، اس مناسبت سے قبل ازیں 14اگست یومِ آزادی کی مناسبت سے ہفتہ جشن آزادی کا اہتمام بھی کیا جائے گا، جس میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا اہتمام بھی کیا جائے گا، ان تقریبات میں ملی نغمے، تقریری مقابلے، فیسٹیول کے ساتھ ساتھ چراغاں، برقی قمقوں، سبز ہلالی اور آزادکشمیر کے پرچم سے قومی عمارات، عوامی گزرگاہوں اور شہروں کو سجایا جائے گا، کھیلوں کے خصوصی مقابلوں کا نعقاد کیا جائے گا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 14 اگست / یوم آزادی کے موقع پر تمام تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے، تعلیمی اداروں میں یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات، سیمینارز اور کانفرنسز کا اہتمام بھی کیا جائے گا، 14اگست / یوم آزادی کی مرکزی تقریب مظفرآباد میں منعقد ہوگی, جس میں سیاسی، مذہبی اور سماجی جماعتوں کے قائدین اور عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 14 اگست کے موقع پر شہداء کے مزارات پر خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے لیے خصوصی پروگرامات میں شہداء کی فیملیز کو مدعو بھی کیا جائے گا،14 اگست / یوم آزادی کی تقریبات میں سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین سول سوسائٹی، عوام، طلبہ و طالبات، سوشل ایکٹویسٹ سمیت ہر طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی خصوصی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے، 14 اگست کی مناسبت سے سکولز میں ملی نغموں، تقریری مقابلوں اور ٹیبلوز کے ساتھ ساتھ خصوصی کلچرل تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، موسٹ سینئیر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور قومی تقریب کمیٹی کی جملہ انتظامات کی نگرانی کریں گے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آزادی کی منزل کے حصول کے لیے قربانیاں دینا پڑتی ہیں، مملکت خداداد پاکستان کو قائم کرنے اور بعداز اس کے وجود کو برقرار رکھنے کے لیے انگنت قربانیاں دی جارہی ہیں، آزادی نعمت ہے، 14 اگست / یوم آزادی کو بھرپور جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ شہری 14 اگست کے موقع پر قومی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں، نظریہ الحاق پاکستان کی تکمیل کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،14 اگست پر خصؤصی تقریبات میں ہم اپنے شہداء کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت بھی پیش کریں گے، انھوں نے کہا کہ جذبہ حب الوطنی سے سرشار کشمیری عوام اپنے پاکستان کے بہن بھائیوں کے ساتھ مل کر 14 اگست کو بھرپور انداز میں منائیں گے۔