کارگل- ،’کے ڈی اے‘ کا ہفتے سے 3روز ہ بھوک ہڑتال کا اعلان

جمعرات 7 اگست 2025 19:19

کارگل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے خطے لداخ میں کرگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی ای) نے لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور چھٹے شیڈول کے مطالبے سے متعلق مذاکرات کے اگلے دور کے انعقاد میں تاخیر کے خلاف ہفتہ سے کارگل میں تین روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کے ڈی اے کے شریک چیئرمین اصغر علی کربلائی نے کرگل میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نے کہا کہ انکی تنظیم نے لیہہ اپیکس باڈی (ایل اے بی) کی مشاورت سے 9 اگست کو صبح 10 بجے سے تین روزہ بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ 11 اگست کو شام 4 بجے ایک بڑے عوامی جلسے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔

انہوں نے لداخ بھر کے لوگوں کو بھوک ہڑتال میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ لداخ کے لوگ اپنے جائزمطالبات پر ہرگز خاموش نہیں رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے اور ایل اے بی کا بھارتی وزارت داخلہ کے ساتھ آخری اجلاس تقریباً دو ماہ قبل ہواتھاجس میں ہمیں بتایا گیا تھا کہ اگلا اجلاس ایک ماہ کے اندر اندر ہوگا لیکن بھارت ا جلاس نہ بلا کر تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ بھوک ہڑتال کا مقصد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو واضح پیغام دینا ہے کہ لداخ خطے کے لوگ خاموش نہیں رہیں گے۔