رجسٹرار آزاد کشمیر سپریم کورٹ مظہر اقبال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے افسران کےاجلاس کا انعقاد

جمعرات 7 اگست 2025 22:37

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) رجسٹرار آزاد کشمیر سپریم کورٹ مظہر اقبال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے افسران کا اجلاس کمیٹی روم نمبر ایک میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ سید فیضان حیدر، سیکرٹری ٹو چیف جسٹس خواجہ محمد شوکت، نثار شاہین اسسٹنٹ رجسٹرار، سٹاف آفیسر تیمور ممتاز، پروٹوکول آفیسر تیمور درانی کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات کے دوبارہ انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے اہم مشاورت کی گئی اور اس سلسلہ میں مجوزہ تقریبات اور جوڈیشل کانفرنس کےستمبر 2025 تک دوبارہ انعقاد کے سلسلہ میں ضروری انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ واضح رہے کہ 10 مئی 2025 کو سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے قیام کو 50 سال مکمل ہو چکے ہیں اور اس موقع پر گولڈن جوبلی تقریبات اور جوڈیشل کانفرنس 8 تا 10 مئی 2025 کو منعقد ہو رہی تھی اور پروگرام کو حتمی شکل دی چکی تھی لیکن 6 تا 10 مئی کو پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کی وجہ سے پیش آمدہ غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر گولڈن جوبلی تقریبات کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں طے ہوا کہ بہت جلدی گولڈن جوبلی تقریبات اور جوڈیشل کانفرنس کے دوبارہ انعقاد کے لئے حتمی تاریخوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔