چہلم امام حسین علیہ السلام کے انتظامات بارے صوبائی وزیر اورسیکرٹری داخلہ پنجاب کی علماء وفود سے ملاقات

جمعرات 7 اگست 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) چہلم امام حسین علیہ السلام کے انتظامات کے حوالے سے صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے محکمہ داخلہ میں علما کرام کے وفود سے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق ملاقات کرنے والے علما کرام کا تعلق الجامعتہ الاشرفیہ، شیعہ علما کونسل پاکستان اور مرکزی عزاداری اتحاد کونسل پاکستان سے تھا،الجامعتہ الاشرفیہ کے وفد میں حافظ اسد عبید، علامہ ہشام الہی ظہیر، مولانا نصیر احمد احرار، مولانا بابر فاروق رحیمی، مولانا عبدالوحید روپڑی، میاں طارق و دیگر موجود تھے جبکہ شیعہ علما کونسل پاکستان وسطی پنجاب کے وفد میں علامہ ساجد حسین نقوی، قاسم علی قاسمی، سید سخی حسین، علامہ فضل عباس جعفری، ڈاکٹر ممتاز حسین، عامر علی خان اور سید علی حسنین شامل تھے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق مرکزی عزاداری اتحاد کونسل پاکستان سے آغا الماس کاظمی، سید جعفر علی شاہ، سید منصور رضا، سید حسن رضوی، کامران نقوی، سید ظفر عسکری، سید ظل حسین، حسنین شاہ، سید آل حیدر شاہ، قادر گجر اور سید مہدی شاہ کے علاوہ دیگر نے شرکت کی جبکہ محکمہ داخلہ سے سپیشل سیکرٹری فضل الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی کنور انوار علی خان اور ڈپٹی سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

ملاقات کے دوران پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا گیا،علما کرام نے محرم الحرام کے دوران امن و امان یقینی بنانے پر وزیراعلی مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور چہلم پر امن و امان کیلئے حکومتی اقدامات کی مکمل تائید کی یقین دہانی کروائی۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں امن عامہ کی خاطر تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام یکجان اور متحد ہیں ،محرم الحرام کے دوران سکیورٹی فرائض سر انجام دینے پر محکمہ داخلہ، پولیس، ریسکیو، اوقاف، بلدیات، واپڈا، ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ تعلقات انتہائی پائیدار اور مضبوط ہیں ،ہمیں ہر قسم کے اختلافات اور تحفظات سے بالاتر ہو کر پاکستان کی سلامتی کی خاطر اکھٹے ہونا ہے،پاکستان کی سلامتی کیلئے تمام مکاتب فکر ایک پیج پر ہیں ۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ علمائے کرام پنجاب میں امن کے کارواں کا بنیادی جزو ہیں ،حکومت پنجاب قیام امن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ مکمل کوآرڈینیشن میں ہے ،محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام کا سو فیصد تعاون حاصل رہا۔اس موقع پر علمائے کرام نے کہاکہ ملکی سلامتی کیلئے حکومت پنجاب کے ساتھ مکمل تعاون اور باہمی اتحاد کیساتھ قانون کی پاسداری یقینی بنائیں گے۔