ڈاکٹر یاسمین راشد ودیگر کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 13 اگست تک ملتوی

جمعرات 7 اگست 2025 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ اور راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنمائوں ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کی ضمانت درخواستوں پر سماعت 13 اگست تک ملتوی کر دی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کی جانب سے قبل از گرفتاری جبکہ شاہ محمود قریشی اور اعجاز چوہدری کی جانب سے بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں ان درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ 9 مئی مقدمات کے ٹرائل کے باعث آج ضمانتوں پر دلائل نہیں دیئے جا سکے، عدالت نے آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن سے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی،تمام ملزمان نے جیل سے ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔