گ*بیوروکریٹس کی دوہری شہریت سے متعلق خواجہ آصف کا بیان تشویشناک ہی: جاوید قصوری

ة کرپٹ بیوروکریسی ، اشرافیہ اور مافیا نے پاکستان کو غریب عوام کے لئے رہنے کے قابل نہیں چھوڑا ھ*عوام بد حال جبکہ وفاقی حکومت کا خرچہ14 فیصد بڑھ چکا ہے، امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی

جمعرات 7 اگست 2025 23:35

پ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے وزیر دفاع کے بیان کہ ’’ملک کی آدھی سے زیادہ بیوروکریسی پرتگال میں پراپرٹی لے چکی ہے ‘‘ پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اپنی حکومت ہے ، ایسے افراد جو اہم عہدوں پر بیٹھے ہیں اور ان کے پاس دوہری شہریت ہے کے خلاف کارروائی کرنا کس کی ذمہ داری ہے۔

خواجہ آصف کس سے شکایت کر رہے ہیں ۔ جس ملک میں بیوروکریسی سمیت ہر شخص بیرون ملک جانا چاہتا ہو اس کے حالات کیسے ٹھیک ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران ساڑھے تین لاکھ افراد پاکستان چھوڑ گئے ہیںاور یہ سلسلہ بلا تفریق جاری ہے ۔ ملک میں غریب افراد کے لئے جسم کا جان سے رشتہ قائم رکھنا بھی مشکل ترین مرحلہ بن چکا ہے ۔

(جاری ہے)

کرپٹ بیوروکریسی ، اشرافیہ اور مافیا نے پاکستان کو غریب عوام کے لئے رہنے کے قابل نہیں چھوڑا ۔ انہوں نے کہا کہ اخراجات میں کمی کے دعووں اور کفایت شعاری اقدامات کے باوجود وفاقی حکومت کے امور چلانے کا خرچہ تقریباً 14 فیصد بڑھ گیا ہے۔مالی سال 24-2023ء میں حکومتی امور چلانے پر 784 ارب روپے، مالی سال 23-2022میں 634 ارب اورمالی سال 22-2021 ء میں حکومتی امور چلانے کے اخراجات 547 ارب روپے تھے۔

امسال حکومتی امور چلانے پر 892 ارب روپے خرچ ہوئے جب کہ اخراجات کا ہدف 839 ارب روپے مقرر تھا۔وفاقی حکومت نے یکم جولائی سے شروع ہونے والے رواں مالی سال 26-2025 ء کے دوران حکومتی امور چلانے کے اخراجات میں مزید اضافے کا تخمینہ لگایا ہے اور جاری مالی سال میں حکومتی امور چلانے کے اخراجات کا ہدف 971 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں غرباء کی حقیقی ترجمان جماعت ہے ، ہماری جدوجہد کا مقصد صرف اور صرف عوام کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنا ہے ۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں جماعت اسلامی کے پیغام کو ہر گھر تک پہنچائیں گے ۔