: کوئٹہ شہرمیں بدامنی ، چوری ، ڈکیتی جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو کنٹرول کرنے میں پولیس مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے

جمعرات 7 اگست 2025 23:40

, کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2025ء)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط تحصیل صدر کے ایگزیکٹیوز اور کمیٹی کے اجلاس تحصیل صدر نعیم خان پیر علیزئی کی صدارت میں منعقد ہوئے ۔ اجلاس میں تنظیمی سیاسی امورکا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا ۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی اور ضلع ایگزیکٹیوز وضلع کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی ۔

اجلاس سے پارٹی رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہرمیں بدامنی ، چوری ، ڈکیتی جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو کنٹرول کرنے میں پولیس مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ، ہر پولیس تھانے کے حدود میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس سے براہ راست عام شہری شدید متاثر ہورہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں لوٹنے والے متاثرین کی پولیس تھانوں میں کوئی شنوائی نہیں ہوتی بلکہ انہیں ایف آئی آر سے روکنے ، پولیس تھانے کی بدنامی کا کہاجاتا ہے اور ساتھ ہی طفل تسلی دیکر واپس کردیا جاتا ہے ۔

ڈی آئی جی پولیس ان تمام پولیس تھانوں کی کارکردگی کا نوٹس لیکر سائلین ، متاثرین کے ساتھ پیش ہونیوالے واقعات کا سختی سے نوٹس لیں ۔ رہنمائوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر بالعموم اور بالخصوص صدر تحصیل میں جاری بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری شدید گرمی میں بلبلا اُٹھے ہیں ۔ کیسکو کی عوام دشمنی کے باعث نہ صرف شہری بجلی سے محروم ہے بلکہ ہر علاقے میں پینے کا صاف پانی ناپید ہوچکا ہے ۔

اور فی ٹینکر پینے کا پانی 2000سی4000تک فروخت ہورہاہے جو کہ غریب عوام کی سقت سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس وقت بدترین مسائل سے دوچار ہیں اور ان مسائل کو حل کرنے میں حکومت اور مسلط نمائندے مکمل غیر سنجیدہ ہیں ۔ پارٹی کارکن اپنی مدد آپ کے تحت عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں رہے اور ابتدائی یونٹوںکے ماہانہ اجلاسوں میں بالخصوص عوامی مسائل کو زیر غور لاکر ان کے حل کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔ رہنمائوں نے تحصیل کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقائی یونٹس کے کانفرنسز مقررہ وقت پر جمہوری انداز میں پائے تکمیل تک پہنچائیں