دبئی میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل کا 'نیو ہورائزن' کے تعاون سے کیریئر فیئر 2025 کا کامیاب انعقاد

جمعہ 8 اگست 2025 00:00

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) دبئی میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے ’’نیو ہورائزن‘‘ کے تعاون سے کیریئر فیئر 2025 کا کامیاب انعقاد کیا جس کا مقصد متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ دبئی میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق قونصل جنرل آف پاکستان (دبئی) حسین محمد نے قونصلیٹ کے کمیونٹی ویلفیئر وِنگ کی اس تقریب کو کامیاب بنانے کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ کیریئر فیئر قونصلیٹ کی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جو کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قونصلیٹ مستقبل میں بھی ایسے اقدامات قابلِ اعتماد شراکت داروں کے تعاون سے جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں ڈرائیورز کی 600 سے زائد خالی آسامیوں کے لیے واک ان انٹرویوز کا اہتمام کیا گیا جس میں مجموعی طور پر 476 اہل امیدواروں نے انٹرویوز میں شرکت کی جن میں سے 311 امیدواروں کو روڈ ٹیسٹ مرحلے کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا۔

ڈرائیورز کی آسامیوں کے لیے اہلیت کے معیار میں متحدہ عرب امارات کا درست ڈرائیونگ لائسنس (کم از کم 6 ماہ پرانا)، بنیادی انگریزی بولنے اور سمجھنے کی صلاحیت اور متحدہ عرب امارات کی سڑکوں سے اچھی واقفیت شامل ہیں۔ منتخب امیدواروں کو پْرکشش مراعات دی جائیں گی جن میں طبی انشورنس، آر ٹی اے کارڈ وغیرہ شامل ہوں گے۔\932