کولگام،پرتشدد فوجی کارروائی دوران محصورکشمیریوں کی نقل مکانی کی اپیل

بھارتی فورسز کی جانب سے جمعرات 31جولائی کو شروع کی گئی اس کارروائی کی وجہ سے علاقے میں معمولات زندگی مسلسل مفلوج

جمعہ 8 اگست 2025 14:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع کولگام میں گزشتہ 8روز سے جاری محاصرے اورتلاشی کی پرتشددکارروائی کے دوران محصور اکھل گائوں کے رہائشیوں نے شدید مشکلات اور اپنی سلامتی کے بارے میں بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر فوری طور پر نقل مکانی کی اپیل کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے جمعرات 31جولائی کو شروع کی گئی اس کارروائی کی وجہ سے علاقے میں معمولات زندگی مسلسل مفلوج ہے ۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ خاص طور پر رات کے وقت شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی ہیں، جس کے باعث انہیں خوف و دہشت کا سامنا ہے ۔مسلسل فوجی کارروائی اور محاصرے کی وجہ سے انہیں خوراک، پانی اور ادویات کی بھی شدید قلت کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

اکھل کے رہائشی مبارک کھانڈے نے میڈیا کو بتایاکہ گزشتہ 8 دنوں سے انہیں شدید مشکلات کا سامناہے ۔

فائرنگ اور بم دھماکے پوری رات جاری رہتے ہیں۔انکے گھروں میں راشن ختم ہو چکا ہے۔ خواتین اور بچے خوفزدہ ہیں اور کئی افراد ذہنی دبائو کا شکار ہو چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم کئی دنوں سے سو نہیں سکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ خانہ بدوش گوجر قبائل کے پاس بھی اب اناج ختم ہو چکا ہے۔مقامی پنچایت اہلکار شیخ محبوب نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو خوراک، پانی اور ادویات کی شدید قلت کاسامنا ہے۔ مسلسل فائرنگ اوردھماکوں کی آوازوں سے بچے اور بزرگ سب خوف ودہشت کا شکار ہیں ۔ بھارتی فوجی علاقے میں جنگی ہیلی کاپٹر اور ڈرنز استعمال کر رہے ہیں جس کی وجہ سے اکھل گائوں میں جنگ کا ساماحول قائم ہے۔