بھارتی سپریم کورٹ مقبوضہ جموںوکشمیر کی ریاستی شناخت کی بحالی کی درخواست پر 14اگست کو سماعت کریگی

جمعہ 8 اگست 2025 17:02

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) بھارتی سپریم کورٹ مقبوضہ جموں وکشمیر کی ریاستی شناخت کی بحالی کی درخواست پر سماعت 14اگست بروز جمعرات کوکرے گی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس سے قبل سینئر وکیل ایڈووکیٹ گوپال شنکر نارائنن نے چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گوئی کے سامنے درخواست کا ذکر کیا تھا۔ جس پر انہوں نے تصدیق کی تھی کہ معاملے کی سماعت 8 اگست کو ہوگی، لیکن اب بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 14اگست بروز جمعرات کو اس درخواست کوسماعت کیلئے مقررر کیا ہے ۔

درخواست پر سماعت کرنے والے بنچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس کے ونود چندرن بھی شامل ہیں۔ ظہور احمد بٹ اور کارکن خورشید احمد ملک کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ جموں وکشمیر کی ریاستی شناخت کی بحالی میں مسلسل تاخیر کی وجہ سے کشمیریوں کے حقوق بری طرح متاثر ہوررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

دونوں درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ مقررہ مدت کے اندر ریاستی شناخت کی بحالی میں ناکامی وفاقیت کی خلاف ورزی ہے جو کہ بھارت کے آئین کے بنیادی ڈھانچے کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ مودی کی بھارتی حکومت نے 5اگست 2019کو جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کرتے ہوئے اسے دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کردیاتھا۔ مودی حکومت کے اس یکطرفہ اقدام کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواستوں پر عدالت عظمیٰ نے مودی حکومت کو جموںوکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا حکم دیا تھا تاہم کوئی ٹائم فریم مقررنہیں کیاگیاتھا۔