’محسن نقوی ابھی بچہ ہے ابھی اس کی باری نہیں آئی‘

وزیر داخلہ کے وزیراعظم بننے کی خبروں پر لطیف کھوسہ کا ردعمل

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 8 اگست 2025 15:21

’محسن نقوی ابھی بچہ ہے ابھی اس کی باری نہیں آئی‘
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کے وزیراعظم بننے کی زیر گردش خبروں کے سوال پر دلچسپ جواب دے دیا۔ میڈیا سے مختصر گفتگو کے دوران صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ’محسن نقوی کے بارے میں خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ وزیراعظم بننے جارہے ہیں، آپ اس معاملے پر کیا سمجھتے ہیں اور کیا انہیں مبارکباد دیں گے؟‘، اس سوال کے جواب میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے جواب دیا کہ ’نہیں نہیں، ہنوز دلی دور است، وہ ابھی بچہ ہے، ابھی اس کی باری نہیں آئی‘۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر ان دنوں یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کو وزیر اعظم بنوانے کا مشن تیز ہوچکا ہے اور دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انہیں جھنگ سے قومی اسمبلی کے حلقہ سے ایم این اے منتخب کروایا جائے گا، پاکستان تحریک انصاف کے رکن شیخ وقاص اکرم کا تعلق جھنگ سے ہے تو مبینہ طور پر ان کی سیٹ کو اسی مقصد کے لیے ٹارگٹ کیے جانے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

naqvi pm
      
سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر کا اس معاملے پر کہنا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کا سسرال جھنگ سے ہے، اگر محسن نقوی وہاں سے رکن قومی اسمبلی بننا چاہتے ہیں تو پی ٹی آئی کے ایم این اے شیخ وقاص اکرم کو اپنی سیٹ ویسے ہی عطیہ کردینی چاہیے کیوں کہ اگر وزیر داخلہ محسن نقوی کو وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تو پھر نہ تو شہباز شریف اسے روک سکیں گے اور نہ ہی وقاص اکرم روک سکتے ہیں۔