وزیر بلدیات سندھ کی زیر صدارت ایم ڈی اے کی 10 ویں گورننگ باڈی کا اجلاس

کراچی پریس کلب کے 700 صحافیوں کو پلاٹس کی فراہمی کے حوالے سے سمری ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بھیج دی گئی ہے عوامی مفاد کی جو جو اسکیمیں تعطل کا شکار ہیں ان کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس کی راہ میں درپیش رکاوٹوں کو دور کیا جائے،سعید غنی کی ہدایت

جمعہ 8 اگست 2025 17:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین گورننگ باڈی ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید غنی کی زیر صدارت ایم ڈی اے کی 10 ویں گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ وسیم شمشاد، ایم ڈی ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید جمانی، ڈائریکٹر پلاننگ لئیق احمد، ڈائریکٹر فنانس وقاص سومرو، سیکرٹری عبدالروف، رکن چیف انجنئیر واٹر بورڈ آفتاب چانڈیو و دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں گذشتہ گورننگ باڈی کے منٹس کی منظوری دی گئی، جبکہ 9 ویں اجلاس میں تیسر ٹائون میں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے منظور شدہ ایجنڈے کے حوالے سے ایم ڈی سعید جمانی نے بتایا کہ اس حوالے سے کیالیکٹرک کی ٹیم کو سروے مکمل کروا دیا گیا ہے البتہ ابھی تک کے الیکٹرک کے حوالے سے کوئی رپورٹ نہیں ملی ہے۔

(جاری ہے)

اس پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ کے الیکٹرک کو کروائے گئے سروے کے حوالے سے تمام تفصیلات کی رپورٹ جمع کروائی جائے تاکہ کے الیکٹرک انتظامیہ سے اس سلسلے میں حکومتی سطح پر بات چیت کی جاسکے۔

اجلاس میں کراچی پریس کلب کے 700 صحافیوں کو پلاٹس کی فراہمی کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس کی سمری ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بھیج دی گئی ہے۔ اجلاس میں سال 2024-25 نظرثانی شدہ بجٹ اور سال 2025-26 کا بجٹ پیش کیا گیا۔ ایم ڈی ایم ڈی اے نے بتایا کہ سال 2024-25 کے بجٹ کا پہلے تخمینہ 6892.307 ملین تھا، جو نظرثانی شدہ میں کم کرکے 1155.930 ملین کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2024-25 میں غیر ترقیاتی کاموں کا تخمینہ 1797.944 لگایا گیا تھا جو کم ہوکر 674.395 ہوگیا ہے جبکہ اس دوران ترقیاتی کاموں کا تخمینہ 6630.944 لگایا گیا تھا تاہم یہ اخراجات صرف 65.710 کئے گیے۔اجلاس میں سال 2025-26 کے لئے بجٹ کا تخمینہ 6470.307 لگایا گیا ہے، جس میں سے ترقیاتی منصوبوں پر 4553.146 جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات کے لئے 1755.191 کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اجلاس میں گورننگ باڈی نے سال 2024-25 کے نظرثانی اور 2025-26 کے بجٹ کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں ادارے کے مستقیل ملازمین کی اپ گریڈیشن کے لئے گورننگ باڈی سے استدعا کی گئی جو قوانین میں رہتے ہوئے کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین گورننگ باڈی و وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مفاد کی جو جو اسکیمیں تعطل کا شکار ہیں ان کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس کی راہ میں درپیش رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔