پاک پتن میں خاتون پر پولیس اہلکار کا وحشیانہ تشدد، پی ٹی آئی ویمن ونگ کی شدید مذمت

خواتین پر ہاتھ اٹھانے والے بزدل ہیں، ظلم کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ، فضہ ذیشان

جمعہ 8 اگست 2025 17:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)پاکستان تحریک انصاف ویمن ونگ کراچی ڈویزن کی صدر فضہ ذیشان نے پنجاب کے ضلع پاک پتن میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک نہتی، بے قصور خاتون کو پولیس اہلکاروں کی جانب سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانا انسانی اقدار، آئینی حقوق اور اخلاقی روایات کی کھلی توہین ہے۔

فضہ ذیشان نے کہا یہ واقعہ نہ صرف ایک خاتون کے ساتھ ظلم کی داستان سناتا ہے بلکہ ریاستی اداروں کے غیر انسانی رویوں اور اخلاقی زوال کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ کیا ان پولیس اہلکاروں کے گھروں میں مائیں، بہنیں اور بیٹیاں نہیں اگر ان کے ساتھ ایسا سلوک کیا جائے تو کیا یہ خاموش رہیں گی انہوں نے کہا کہ معاشرے کی خاموشی ایسے درندہ صفت رویوں کو مزید شہ دیتی ہے۔

(جاری ہے)

اب وقت آ گیا ہے کہ ہم بطور قوم ایسے واقعات پر نہ صرف آواز بلند کریں بلکہ قانونی طور پر مثر اور فوری کارروائی کا مطالبہ کریں۔فضہ زیشان نے کہا "ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں، ملوث اہلکاروں خصوصا اے ایس آئی اعجاز کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ خواتین پر ہاتھ اٹھانے والے بزدل ہیں اور ہم ہر محاذ پر ان کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اعلی حکام فوری طور پر مظلوم خاتون کو انصاف فراہم کریں، تاکہ عوام کا اعتماد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بحال ہو۔