پاک فوج نے دشمن کو دھول چٹائی اور یہ صرف اس لیے ممکن ہوا کہ ہم سب متحد تھے،گورنرسندھ

ہمیں مل کر معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،جس طرح آج "معرکہ حق" منایا جا رہا ہے، اسی طرح "معرکہ معیشت" بھی کامیابی سے منایا جائے گا،کامران ٹیسوری

جمعہ 8 اگست 2025 17:52

پاک فوج نے دشمن کو دھول چٹائی اور یہ صرف اس لیے ممکن ہوا کہ ہم سب متحد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہاہے کہ پاک فوج نے دشمن کو دھول چٹائی اور یہ صرف اس لیے ممکن ہوا کہ ہم سب متحد تھے، ہمیں مل کر معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،جس طرح آج "معرکہ حق" منایا جا رہا ہے، اسی طرح "معرکہ معیشت" بھی کامیابی سے منایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن ہائوس میں "معرکہ حق جشنِ آزادی" کی مناسبت سے ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ، سابق صدر زبیر طفیل، سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگون، سابق سینئر نائب صدر شیخ خالد تواب سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز گورنر سندھ نے فیڈریشن کے صدور کے ہمراہ پرچم کشائی سے ہوا۔ کامران ٹیسوری نے کہاکہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) ایک ایسا مؤثر اور فعال ادارہ ہے جو نہ صرف کاروباری طبقے کو یکجا کرتا ہے بلکہ ملکی معیشت کی ترقی میں بھی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے ایف پی سی سی آئی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے درمیان روابط قائم کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں فیڈریشن کو مزید متحرک اور مرکزی کردار ادا کرنا چاہئے، تاکہ پاکستان کی اقتصادی بنیادیں مزید مضبوط ہوں۔گورنر سندھ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہمیں سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے، کیونکہ اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں مل کر معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جس طرح آج "معرکہ حق" منایا جا رہا ہے، اسی طرح "معرکہ معیشت" بھی کامیابی سے منایا جائے گا۔ گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ ایف پی سی سی آئی کا کوئی بھی نمائندہ اپنے کاروباری مسائل کے حل کے لیے گورنر ہاؤس کراچی آسکتا ہے۔ گورنر سندھ نے صنعتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے علاقوں کے منتخب نمائندوں سے رابطہ کریں تاکہ مقامی مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔ آخر میں گورنر سندھ نے فیڈریشن کے نمائندگان کے ہمراہ جشنِ آزادی کا کیک کاٹا اور شرکاء کو مبارکباد دی۔