خیبرپختونخواہ کرپشن کا گڑھ بن چکا،گھڑی چور کے کارندے خزانے کو خاندانی وراثت سمجھ کر لوٹ رہے ہیں‘عظمیٰ بخاری

جمعہ 8 اگست 2025 22:59

خیبرپختونخواہ کرپشن کا گڑھ بن چکا،گھڑی چور کے کارندے خزانے کو خاندانی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی کرپشن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں ہر روز کرپشن کا ایک نیا سکینڈل منظر عام پر آ رہا ہے،پہلے ڈویلپمنٹ کے شعبے میں 40 ارب روپے کا اسکینڈل آیا، جس کے بعد محکمہ تعلیم میں 16 ارب روپے کی کرپشن کا سکینڈل سامنے آیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اب محکمہ معدنیات میں کرپشن کا ایک اور سکینڈل سامنے آیا ہے، جس میں خیبرپختونخوا کے پانچ اضلاع میں سونا نکالنے کے ٹھیکے اونے پونے داموں من پسند افراد کو دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جعلی صادق و امینوں کی کرپشن اربوں روپے سے شروع ہوتی ہے۔ ان کے پیچھے صرف ذاتی مفادات اور لوٹ مار کی ایک تاریخ ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ گھڑی چور کے چیلے پختونخواہ کے خزانے کو خاندانی وارثت سمجھ کر لوٹ مار کررہے ہیں، اور ایک سال اور چھ مہینے میں ایک بھی نیا منصوبہ شروع نہیں ہو سکا ہے، بلکہ کرپشن کے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب میں مریم نواز نے ترقیاتی منصوبوں کی 'سنچری' مکمل کر دی ہے، لیکن ایک بھی کرپشن کا الزام تک نہیں لگایا جا سکا۔ پنجاب حکومت کے منصوبے عالمی معیار کے مطابق مکمل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا مریم نواز کی ڈکشنری میں کرپشن، سفارش اور نااہلی کی کوئی گنجائش نہیں۔