مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے عہدیداران کی پیپلز پارٹی میں شمولیت

پیپلز پارٹی مار دھاڑ نہیں ،خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ،ملک کو سیاسی ،معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتی ہے بلاول بھٹو زرداری کو وزیر اعظم بنانے میں مل کر بھر پور جدو جہد کریں گے‘گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی ملاقات میں گفتگو

جمعہ 8 اگست 2025 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)پیپلز پارٹی مار دھاڑ نہیں ،خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،پیپلز پارٹی ملک کو سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتی ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ان خیالات کا اظہار یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ملک عمران علی کھوکھر کی قیادت میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے عہدیداران سے ملاقات کے دوران کیاجنہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے جس کا عملی ثبوت حلقہ این ای127اور پی پی 162 سے بڑی تعداد میں نوجوانوں کا پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے علاقہ ٹائون شپ اور گرین ٹائون سے اکثریت نے مختلف سیاسی جماعتوں کو چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کا پیپلز پارٹی میں شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان باشعور ہیں اور انہیں بلاول بھٹو زرداری کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھر پور اعتماد ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ انہیں تنہا نہیں چھوڑوں گا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے اور یہاں پیپلز پارٹی کو دوبارہ متحرک کرنا میری ذمہ داری ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بلا شبہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت جو اپنے ورکرز کو عزت و مقام دیتی ہے۔انہوں مزید کہا کہ اگر کسی نے عزت کی سیاست کرنی ہے تو اس کے لئے پیپلز پارٹی کے دروازے کھلے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیر اعظم بنانے میں مل کر بھر پور جدو جہد کریں گے۔انہوں کہا کہ گورنر ہائوس کو عوامی گورنر ہائوس میں تبدیل کردیا ہے۔